وحید الحسن ہاشمی

آپ کا نام نامی اور اسم گرامی سید وحید الحسن ہے تاہم موصوف اپنے قلمی نام وحید الحسن ہاشمی کے نام سے مقبولِ خاص و عام ہیں آپ 1930 میں شیرازِ ہند جون پور میں پیدا ہوئے۔آپ کے دادا مولوی سید انتظام علی جون پور میں فارسی قصیدے کے ایک مسند استاد تسلیم کئے جاتے تھے۔ آپ کے والد گرامی سید شبیر حسن صفا الہ آبادی (1881-1975ء) فارسی، اردو اور ہندی کے صاحبِ دیوان شاعر ہوئے۔سید وحید الحسن ہاشمی نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی وطن جون پور سے حاصل کی۔ 1944 میں گورنمنٹ ہائی سکول جون پور سے میٹرک کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔ انٹر کی سند آر -ایس-کے-ڈی- انٹر کالج جون پور سے 1946 میں حاصل کی۔ اس کے بعد آلہ آباد یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا بی اے کا امتحان دے کر جولائی 1948 میں کراچی تشریف لے آئے، یہاں ایک سرکاری ملازمت کر لی۔1949 میں لاہور تشریف لے آئے اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اردو شروع کر دیا۔ ایم اے کے بعد درس و تدریس سے منسلک ہوگئے۔  آپ کی وفات 20 نومبر 2010 کو ہوئی۔  آپ کم و بیش 28 کتب کے مصنف و مؤلف ٹھہرے جن میں کلیات مراثی بہ نامِ العطش 3 جلدیں اور مجموعہ سلام و مناقب بہ نامِ طاہرین شامل ہیں۔